حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے برسی شہدائے جیکب آباد کے سلسلے میں شکارپور کا تنظیمی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی دفتر میں ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، ضلعی رہنما کامران علی دل اور ضلعی میڈیا سیکریٹری حب علی مہر سے ملاقات کی اور تنظیمی امور پر تبادلۂ خیال کیا اور انہیں برسی شہدائے جیکب آباد میں شرکت کی دعوت دی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے شکارپور کے علاقے ہمایون شریف پہنچ کر گاؤں گوٹھ تاج محمد برڑو میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنما عبدالعلی کھوہارو، غلام شبیر برڑو، یونٹ کے عہدیداران اور کارکنان سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحۂ شبِ عاشور جیکب آباد کے شہداء کی یاد میں 23 اکتوبر کو عظمتِ شہداء کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں شہدائے راہِ حق کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہدائے راہِ حق نے اپنی بے مثال قربانیوں کے ذریعے وقت کی فرعونی اور یزیدی قوتوں کے مذموم عزائم کو بے نقاب کیا ہے۔ شہداء کا لہو مظلوموں کے لیے امید، پیروان حق و صداقت کے لیے استقامت اور ظالم قوتوں کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔ آج یمن، لبنان، فلسطین، غزہ اور ایران کے شہداء کی عظیم قربانیوں نے عالمی استکباری قوتوں خصوصاً امریکا و اسرائیل کے ظالمانہ کردار کو دنیا کے سامنے آشکار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ میں مظلوم عوام پر جاری مظالم اور یمن کے بے گناہ شہریوں پر ہونے والی بمباری فوری طور پر بند کی جائے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے مظلوم عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور جنگ، جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ یمن میں بے گناہ انسانوں کا قتل، شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا اور عوام کو بنیادی انسانی ضروریات سے محروم رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کا تحفظ اور عوام کے بنیادی حقوق کی ضمانت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ملک میں تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر اپنے فرائض انجام دینے چاہییں۔ قانون کی حکمرانی، انصاف کی فراہمی اور عوامی حقوق کا تحفظ ایک مستحکم، پُرامن اور جمہوری پاکستان کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء کی فکر، ان کے مشن اور مظلوموں کی حمایت کے عزم کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ برسی شہدائے جیکب آباد کے موقع پر عظمتِ شہداء کانفرنس کا انعقاد اس عہد کی تجدید ہے کہ حق و صداقت، عدل و انصاف اور مظلوموں کی حمایت کے راستے پر ثابت قدم رہا جائے گا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے تنظیمی رہنماؤں اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ 23 اکتوبر کو عظمتِ شہداء کانفرنس کی کامیابی کے لیے بھرپور تیاری کریں اور عوام کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دیں تاکہ شہدائے راہ حق کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے پیغام کو بھی عام کیا جا سکے۔










آپ کا تبصرہ